ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / میزورم حکومت کا بڑا فیصلہ: غیر ذمہ دار ملازمین کی برطرفی کا عندیہ

میزورم حکومت کا بڑا فیصلہ: غیر ذمہ دار ملازمین کی برطرفی کا عندیہ

Thu, 28 Nov 2024 11:59:45  SO Admin   S.O. News Service

ایزول، 28/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی) میزورم کے وزیر اعلیٰ لالدوہوما نے سرکاری ملازمین کے حوالے سے ایک اہم اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ملازمین جو اپنی ذمہ داریوں کو مناسب طریقے سے ادا نہیں کر رہے یا کام میں غفلت برت رہے ہیں، ان کی نشاندہی کی جائے گی اور انہیں ملازمت سے فارغ کر دیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے آئی جول میں محکمہ تعلیم کے حوالے سے ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کی، جس میں محکموں کی کارکردگی کو بہتر بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت مختلف محکموں کے لیے کمیٹیاں تشکیل دے رہی ہے جو ریاستی ملازمین کی کارکردگی کا جائزہ لے کر اقدامات تجویز کریں گی۔

وزیر اعلیٰ لال دوہوما نے کہا کہ یہ اقدامات اس لیے اٹھائے جا رہے ہیں، تاکہ ریاست میں اہل اور با صلاحیت ملازمین کو رکھا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہمیں لگتا ہے کہ یہ بہتر ہوگا کہ ہم تمام نا اہل ملازمین کو بر طرف کر دیں، جو اب ملازمت کے لائق نہیں ہیں۔ ہم ریاست میں بہتر معیاری خدمات فراہم کرنے والے با صلاحیت اور ہنر مند ملازمین کو رکھنے کے لیے پُر عزم ہیں۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کی حکومت اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہی ہے کہ تمام منصوبوں کو بہتر اور مؤثر طریقے سے نافذ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پروجیکٹس پر ریاست کی پروجیکٹ مانیٹرنگ کمیٹی کی جانب سے نگرانی کی جا رہی ہے۔ اس کمیٹی نے اب تک 40 پروجیکٹس کی جانچ کی ہے۔ ہم ان پروجیکٹس کو ریاست میں نافذ کرنے اور ان کی نگرانی کرنے میں کوئی کوتاہی نہیں کریں گے۔

وزیر اعلی لال دوہوما نے کہا کہ ’’ان کی حکومت صنعتوں کی طرف سے ملنے والے کارپوریٹ سوشل رسپانسیبلٹی (سی ایس آر) فنڈ کے استعمال کو مین اسٹریم میں لانے کے لیے قدم اٹھا رہی ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت نے سی ایس آر کو چیف منسٹر آفس (سی ایم او) کے ذریعہ کنٹرول کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سبھی محکمہ سی ایس آر سیل کی جانکاری کے بعد اسے لے سکیں گے۔


Share: